سکھر: مہران انجینئرنگ یونیورسٹی میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد،طلبہ کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی فراہم کی گئی

45

سکھر،14اپریل(اے پی پی ):روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لئے موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس خیرپور میں روڈ سیفٹی سمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں بروقت احتیاطی تدابیر کے ذریعے ممکنہ روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین کی آگاہی فراہم کرنا  تھا۔

اس موقع پر موبائل ایجوکیشن سکھر سیکٹر کے افسران نے شرکاءکو بتایا کہ پاکستان میں بیماریوں، جنگ اور دہشتگردی میں اتنی اموات نہیں ہوتیں جتنی روڈ حادثات میں ہوتی ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ بے احتیاطی سے ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا ہے۔شرکاءکو بتایا گیا کہ موٹر وے پولیس پورے پاکستان کی شاہراہوں، موٹر ویز کے علاوہ چھوٹے بڑے شہروں اور علاقوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی دے رہی ہے۔

 اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے موٹر وے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر سے متعلق مفید معلومات فراہم کرکے طلبہ میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا ہے۔ جس کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ موٹر وے پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ایسے مفید پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ و اساتذہ کو روڈ حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے

سمینار میں یونیورسٹی کے پروفیسرز اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔