وزیراعلی پنجاب عوامی فلاح کے لیے کوشاں ہیں، رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے : فیاض الحسن چوہان

18

اٹک، 09 اپریل (اے پی پی ):  وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار عوامی فلاح کے لیے کوشاں ہیں۔ بزدار حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی جبکہ چینی اور آٹے کی گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن لے گی۔

 ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے  جمعہ کو یہاں    اٹک کی تحصیل حضرو کے دورے کے موقع پر کیا،جہاں انہوں نے رمضان بازار، تحصیل میونسپل کارپوریشن، ٹی ایچ کیو ہسپتال، اراضی سنٹر سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔

اے ڈی سی (جی) اسد اللہ خان اور اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبین نے رمضان میں قیمتیں کنٹرول کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

فیاض الحسن چوہان  کا  مزید کہنا تھا کہ  تحصیل حضرو کا دورہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کیا،انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں چینی کی 85 روپے فی کلو پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، صوبے بھر میں 313 رمضان بازار لگائے گی۔

صوبائی وزیر  نے کہا کہ  رمضان بازاروں میں عوام کو دس کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے میں مہیا کیا جائے گا۔  زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں 2018 کے ریٹس پر دستیاب ہونگی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے تقریباً  آٹھ ارب کےریلیف   پیکج کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ  اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ کی قیمتوں سے زائد منافع وصول کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔