آئی جی خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمی کانسٹیبل شکیل کی عیادت

15

پشاور، 7مئی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نوشہرہ بینک ڈکیتی کے دوران مسلح ڈاکوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبل شکیل کی عیادت کی ۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچنے پر آئی جی پی سیدھا وارڈ میں داخل زخمی کانسٹیبل شکیل کے بستر پر گئے اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان سے وقوعہ کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

آئی جی پی نے موقع پر موجود ڈاکٹروں سے زخمی کانسٹیبل کو اب تک فراہم کردہ علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ کانسٹیبل شکیل عزم وہمت اور شجاعت کے پیکر اور فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بہترین علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور کہا کہ اُس کا تما م علاج پولیس ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔ آئی جی پی نے زخمی کانسٹیبل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کی اور نوشہرہ پولیس کی بہادری اور بروقت کاروائی پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلح ڈاکووں کے سامنے سینہ سپرہوکر جرات وبہادری کی لا زوال داستان رقم کی ہے، جس سے خیبر پختونخوا پولیس فورس کی قدر و منزلت میں مزید اضافہ ہو ا ہے ۔ آئی جی پی نے کہا کہ پوری فورس کو اپنے شیردل جوانون کی کارکردگی پر فخر ہے اوراُمید ظاہر کی کہ وہ آئیندہ بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف دیوار بن کر ان کے مذموم عزائم کو آہنی ہاتھوں سے ناکام بنائیں گے ۔ آئی جی پی نے نوشہرہ پولیس کے لئے انعامات کا اعلان بھی کیا ۔

واضح رہے کہ مسلح ڈاکووں نے بینک الحبیب نوشہرہ میں ڈکیتی کی کوشش کی جس کی اطلاع ملنے پر نوشہرہ پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی اور ایک ڈاکو کو گرفتار بھی کیا۔ ڈاکووں کے ساتھ مقابلے میں کانسٹیبل شکیل زخمی ہوئے جس کو علاج کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں داخل کرایا گیا۔ یہاں یہ امر قابل زکر ہے کہ گرفتار ڈاکو پشاور اور خیبر کے اضلاع میں بھی بینک ڈکیتی میں ملوث ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریننگ محمد امتیاز شاہ ،ڈی آئی جی مردان یٰسین فاروق، ڈی پی او نوشہرہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام بھی آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔