صوبائی وزیر برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم حاجی محمد اجمل چیمہ نے چنیوٹ کا دورہ

29

چنیوٹ،07 مئی (  اے پی پی ):صوبائی وزیر برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم حاجی محمد اجمل چیمہ نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان کے ہمراہ رمضان بازارچنیوٹ، چناب نگراور لالیاں کا وزٹ کیا اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کو چیک کیا،ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے صوبائی کو رمضان بازاروں کے حوالے سے بریفنگ دی،اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول، فضل عباس،عملہ مارکیٹ کمیٹی و دیگر بھی موقع پر موجود تھے، صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ صارفین کو معیاری اشیاء ہی فروخت کی جائیں،انہوں نے سستے رمضان بازارمیں موجود صارفین سے بازاروں میں فروخت ہونے والی اشیاء کی قیمتوں اور عام مارکیٹس میں ان کے نرخوں کے فرق کے بارے میں دریافت کیا،انہوں نے پرائس لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرانے کی ہدایت کی اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے کہا کہ بازاروں کے اوقات میں موجود رہ کر اشیاء کی سپلائی پر گہری نظر رکھی جائے،بعد ازاں صوبائی وزیر برائے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم حاجی محمد اجمل چیمہ نے ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان کے ہمراہ گندم خریداری سنٹر لالیاں کا اچانک دورہ کیا اور کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی، خریداری انتظامات اور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمدکو چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لالیاں فضل عباس، فوڈ کنٹرولر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی،صوبائی وزیر نے گندم خریداری مرکز پر کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے سماجی فاصلہ کے تحت بیٹھنے اور پنکھے چالو حالت میں موجود رہنے چاہیں۔انہوں نے باردانہ کی تقسیم اور گندم کی خرید کا ریکارڈ بھی چیک کیا جبکہ سٹور میں جمع کی گئی گندم کی حفاظت کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ باردانہ اجراء کے حوالہ سے کسی قسم کی شکایت مو صول نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ سنٹرز پر آنیوالے کاشتکاروں کو مثالی سروسز فراہم کریں۔کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم کا مقرر کردہ ہدف ہر صورت پورا ہونا چاہیے۔انہوں نے موقع پر موجود کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی اور کہا کہ سنٹرز پر کاشتکاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنی گندم کی پوری امدادی قیمت حاصل کرسکیں۔انہوں نے ڈیوٹی سٹاف کو اپنے ذمہ ٹاسک احسن انداز میں انجام دینے کی بھی تاکید کی، آخر میں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ احساس کفالت سنٹر اور تھانہ چناب نگر کا بھی وزٹ کیا اور انتظامات و سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، ڈی پی او بلال ظفر شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔