ملتان؛تین مصالحہ جات گرائنڈنگ یونٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند، سنیکس یونٹ کو بھاری جرمانہ عائد

33

 

لتان، 6 مئی(اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان غلہ منڈی میں بڑی کارروائی، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے ڈپٹی ڈائریکٹر اور ویجیلنس ٹیم کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے تین مصالحہ جات گرائنڈنگ یونٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند، سنیکس یونٹ کو بھاری جرمانہ عائد کیا۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ 1,579 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں، 412 کلو چوکر اور مضر صحت رنگ ضبط کر لیا گیا ہے اور  گرائنڈنگ یونٹس مالکان سرخ مرچوں میں رنگ، چوکر اور پھک کی ملاوٹ کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تمام گرائنڈنگ یونٹس کو مصالحوں کا معیار بہتر بنانے تک پروڈکشن بند کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی  نے کہا کہ ناقابل سراغ پام آئل کے استعمال پر سنیکس یونٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے اور پروڈکشن ایریا میں جانوروں کی باقیات اور انتہائی گندگی بھی پائی گئی ہیں اور  680 کلو خام مٹیریل اور 80 لٹر مضر صحت پام اولین آئل برآمد کر لیا گیا ہے ۔

رفاقت علی نسوآنہ نے کہاخوراک میں ملاوٹ کرنے والے عناصر معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور  ملاوٹ مافیا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمہ وقت کوشاں ہے۔