صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ کا دورہ نارووال

53

 

نارووال، 30جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے نارووال کا دورہ کیا اورانہوں نےکمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان نے اس موقع پرصوبائی وزیر اوقاف پنجاب کو ضلع بھر میں ترقیاتی اسکیموں سمیت امن وامان، سہولت بازار، پرائسزاوربالخصوص صفائی ستھرائی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اوقاف نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کو ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے، ان کے لئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا اور کہا افسران ضلع کی تعمیروترقی کے لئے باہمی روابط کی پالیسی اپنائیں۔

صوبائی وزیر اوقاف نےافسران کو ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ انہیں فراہم کی جائے۔

صوبائی وزیراوقاف پیر سعید الحسن نے ڈی سی سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دیتے ہوئےکہا کہ حکومت کی طرف سے ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں اور اب مفاد عامہ کی اسیکیموں میں تاخیری حربے اورغیر ضروری رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کے فنڈزعوام پر ہی استعمال ہوں گے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا،افسران کو اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ بروقت ادا کرنا ہوں گے، عدم دلچسپی رکھنے والے افسران کی لسٹیں تیار کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراوقاف پنجاب نے کہا کہ وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار کی گڈگورننس، ٹرانسپرنسی اورسروس ڈیلیوری کے ویژن کوعملی جامہ پہناتے ہوئے محکموں سے متعلق شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں،پرائس میکنیزم کو بہتر انداز میں فعال بنایاجائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو ممکن بنایاجاسکے۔

صوبائی وزیراوقاف پنجاب نے کہاکہ کورونا کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے صوبائی سطح پر کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں، کورونا ویکسینیشن سے شہریوں میں امید کی کرن پیدا ہو گئی ہے اور حکومت کی طرف سے شہریوں کو کورونا ویکسینیشن لگائے جانے کا آغاز کردیا گیا ہے اور  اس حوالے سے منصوبہ بندی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا جارہاہے۔

صوبائی وزیر اوقاف پنجاب نے افسران سے کہا کہ عوامی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں کوئی کسرنہ اٹھا رکھی جائے کیونکہ عوامی توقعات پر پورا اترنے اورمحکموں کی بہتر کوارڈینیشن کی بدولت ہی ضلع کی ترقی خوشحالی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران دلجمعی اور عوامی خدمت کے جذبے  کے ساتھ کام کریں۔

ڈی پی او سید اکبر علی شاہ ،اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ عمر فاروق وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنر نارووال حسن نذیر،عرفان مارٹن،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف محمود،ڈی ڈی ایل جی محمد اسلم گھمن،ایس این اے علی شیراور سماجی شخصیت حافظ ذوالفقار مہیس کے علاوہ انڈسٹریز،زراعت،سول ڈیفنس، صحت، تعلیم،ریسکو1122،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ ،آبپاشی،تحصیل و میونسپل کمیٹیز سمیت دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر اوقاف نے اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنارووال اور ڈی پی او نارووال کی طرف سے ایل اے 37 جموں 4 کے الیکشن میں شاندار انتظامات سمیت ضلع بھر میں امن وامان،سیکیورٹی اور بالخصوص عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اورحالیہ بارشوں میں نکاسی آب کے لئے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ساتھ  شہریوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر ان کی خدمات کو بھرپور سراہا۔