اوکاڑہ/ سرکاری کالجز کے کلیریکل سٹاف کی 3 روزہ کمپیوٹر ٹریننگ کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد

41

اوکاڑہ،24اگست(اے پی پی): گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج میں ضلع اوکاڑہ کے تمام کالجز کے کلریکل سٹاف کی تین روزہ کمپیوٹر ٹریننگ کی تکمیل پر لائبریری ہال میں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن پروفیسر محمد مسعود فریدی جبکہ پروفیسر شباب فاطمہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال، پروفیسرشیربازڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پاکپتن اورپرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اوکاڑہ پروفیسر رضا اللہ حیدر نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی۔

تقریب کے میزبان ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اوکاڑہ پروفیسر رائے ممتاز علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نئی اصلاحات کا انکشاف کیا جن کے مطابق ضلع اوکاڑہ کے تمام کالجز میں ایڈمیشن پالیسی کے تحت نئی کلاسزکا اجراءایک ہی دن ہوگا جبکہ فیس سٹرکچر بھی ایک ہوگا اور کسی بھی گورنمنٹ کالج میں طالبعلموں سے مقررہ سے زیادہ یا کم فیس وصول نہیں کی جائیگی اس سلسلہ میں فیس واؤچرز جاری کر دیے گئے۔

اس موقع پرمہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن پروفیسر مسعود فریدی نے تین روزہ کمپیوٹر ٹریننگ مکمل کرنے والے کلیریکل سٹاف،ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی اورگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج ملگدہ چوک کے لئے اپنی سروسز فراہم کرنے والےپروفیسرزکو سرٹیفکیٹ دئیے اور ڈپٹی ڈائریکٹرکالجز اوکاڑہ پروفیسر رائے ممتاز علی کی تعنیاتی کے آٹھ ماہ کی مثالی کارکردگی، ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد اور کالجز کے لئے کی جانے والی اصلاحات کو سراہا اور باقی اضلاع کے لئے بھی قابل تقلید قراردیا۔