اسلام آباد،28اکتوبر (اے پی پی):تینوں مسلح افواج سے تعلق رکھنے والی عسکری قیادت نے “ڈسٹنگوشڈ وزیٹرز ڈے” کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس پر جاری کثیر ملکی عسکری فضائی مشق ”ایسز میٹ 2021” کا جائزہ لیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق کثیر ملکی عسکری فضائی مشق کا جائزہ لینے والوں میں ایئر وائس مارشل امتیاز ستار (کمانڈر ایئر فورس سٹریٹجک کمانڈ)، میجر جنرل آصف محمود گورایا(جی او سی 3 ایئر ڈیفنس ڈویژن)، ایئر وائس مارشل شاہد منصور جہانگیری (ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ آپریشنز)، ایئر وائس مارشل کاشف قمر(ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس)، ایئر وائس مارشل اکرام نور (مشیر برائے ایڈمنسٹریشن سربراہ پاک فضائیہ)، ایئر وائس مارشل عاصم رشید ملک (ڈائریکٹر جنرل ایرو انجنئرنگ) اور ریئر ایڈمرل نعیم سرور (ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاک بحریہ) شامل تھے۔
پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ 15 اکتوبر 2021 سے شروع ہونے والی دوہفتوں پر محیط ان فضائی مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہی ہیں جبکہ برطانیہ اور ازبکستان کی فضائیہ کو بطور مبصر مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
معززین نے مشقوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج کی آپریشنل تیاری اور مشقوں کے انعقاد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق شرکاء کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دے گی۔
اس موقع پر مشقوں میں شریک فضائی افواج کے عسکری مہمان بھی موجود تھے۔











