ملتان؛ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کا سیورج مسائل کے حل کیلئے جاری سکیموں کی جانچ کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ

14

ملتان، 02 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد  نے سیورج مسائل کے حل کیلئے جاری سکیموں کی جانچ کیلئے مختلف علاقوں کا  دورہ کیا اور منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھانے  کی  ہدایت کی ۔ کمشنر  نے  کہا کہ  سڑکوں گلیوں کی کھدائی سے شہری کوفت میں مبتلا ہوتے ہیں ، شہریوں کی تکلیف کے بروقت ازالے کیلئے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کریں اور  منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو معیار بنائیں۔

 ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواب پور روڈ پر فیض عام چوک سے 8 نمبر چونگی تک سیوریج لائن ڈالی جارہی ہے ،نواب پور روڈ پر 8 ہزار فٹ نئی لائن ڈال دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی لائن میں (54) ،(48)، (42) اور (36) انچ قطر کی لائنیں شامل ہیں، منصوبے کی تکمیل سے لودھی کالونی، کھیڑا آباد، گلگشت، پیر خورشید کالونی کے مسائل حل ہونگے نواں بھٹہ،دیوان کا باغ، محلہ رحمانیہ،جنت ہومز، اتحاد کالونی، غازی کالونی کے مسائل کا حل منصوبے کی تکمیل سے منسلک ہیں ،8 ہزار فٹ سے زائد نئی سیوریج کو آپریشنل بھی کر دیا ہے۔

 ناصر اقبال نے کہا کہ نواب پور روڈ کے منصوبے کو دسمبر تک مکمل کیا جائے گا ، پرانا شجاع آباد روڈ پر 24 انچ قطر کی لائن ڈالی جا رہی ہے، 58 سو فٹ لائن میں سے 25 سو فٹ لائن ڈال دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے کائیاں پور،علی والہ،بستی عالمگیر,ملحقہ علاقوں کو فائدہ ہوگا۔