کراچی۔11نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی اقدار کو جانچنے کا طریقہ یہ ہے کہ اس ملک میں اقلیتوں کے ساتھ کیا رویہ اختیار کیا ہوا ہے، جن ممالک میں اقلیتوں کو عزت و تکریم دی جاتی ہے وہ تہذیب یافتہ ہیں، پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اقلیتوں کے حقوق کے لئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لائے گی جبکہ ہندوستان میں اس حوالے سے معاملہ بالکل برعکس ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہندو برادری کے تہوار دیوالی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اسی لئے پاکستان کی حکومت تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو برابر حقوق حاصل ہیں جس طرح ہماری حکومت نے کرتار پور راہداری کھول کر سکھ برادری کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں اسی طرح آئندہ بھی اقلیتوں کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت اور دیگر شعبوں میں ہندو برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔











