آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے،وزیراعظم عمران خان نے اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوایا،وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد

33

راولپنڈی،01دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمدنےکہاہے کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، وزیراعظم عمران خان نے اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوایا،نالائق اور نااہل اپوزیشن آئندہ انتخابات میں بھی شکست کے بعد دھاندلی کا شورمچائے گی، تبلیغی جماعتوں کو آن لائن ویزے دئیے جارہے ہیں،سعودی عرب سے لازوال رشتہ اور چین بہترین دوست ہے۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے بدھ کو راولپنڈی میں کالج کے اپ گریڈیشن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق،ڈائریکٹر کالجز شیر احمد ستی، کالج پرنسپل اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔کالج کی طالبات نے وفاقی وزیر کااستقبال کیا اور گل پاشی کی۔

 شیخ رشید احمد نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کے وژن کے تحت وفاقی کابینہ نے  اہم فیصلہ کیا ہے کہ تمام تبلیغی جماعتوں کو آن لائن ویزے دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوادیا کیونکہ اوورسیز پاکستانی وہاں دن رات محنت کر کے پاکستان میں اپنے بچوں اور رشتہ داروں کو پیسے بھیج رہے ہیں اس لیے ووٹ ان کا حق ہے، اپوزیشن اب جو مرضی کرے آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوں گے، پنجاب کے چالیس حلقوں میں اوورسیز کے ووٹوں کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوگا اور جب پی ٹی آئی ان ووٹوں سے بھاری اکثریت سے جیتے گی تو اپوزیشن ایک بار پھر دھاندلی کاشورمچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا حل تلاش کرنا ہے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ متاثرہورہا ہے۔

 شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کالازاوال رشتہ ہےجو قرضہ دیا گیا  اس پرسعودی حکومت کے بہت شکر گزارہیں اورچین بھی ہمارا بہترین دوست ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ایک بڑی تبدیلی یہ  آرہی ہے کہ لڑکیاں آگے نکل رہی ہیں اورلڑکے  پیچھے رہ رہے  ہیں۔راولپنڈی میں موجود جتنی بھی غریبوں کی بستیاں ہیں وہاں بچیوں کے سرکاری سکولوں اورکالجوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔جس شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہوگی  اسے دنیا کی کوئی طاقت   شکست نہیں دے سکتی اور نہ ہی وہاں کوئی منشیات فروش، جواری یا قبضہ مافیا سر اٹھاسکتا  ہے۔راولپنڈی میں اب تک 60کالج بنائے، ئی ٹی یونیورسٹی کے بعد تین یونیورسٹیاں مکمل ہوجائیں گی۔آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سےخواتین کالجوں میں دوشفٹوں میں تعلیم دی جائے گی۔