پاکستان بھرپور ثقافت اور متنوع روایات کی سرزمین ہے، برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی کاوشوں کو فروغ دیا ؛ سفیر  ظہیر اے جنجوعہ

53

اسلام آباد،11دسمبر  (اے پی پی):بیلجیئم، لکسمبرگ   اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر  ظہیر اے جنجوعہ نے  کہا ہے کہ پاکستان بھرپور ثقافت اور متنوع روایات کی سرزمین ہے، برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی کاوشوں کو فروغ دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  برسلز میں پاکستانی سفارتخانے   کے زیراہتمام   نو کنسلٹنگ آرٹ گیلری  میں  منعقدہ پاکستانی تخلیقی فن پاروں کی ایک نمائش   کی افتتاحی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا  جس کا عنوان “عالمگیریت پر لامحدود  افکار ” تھا ۔ نمائش میں پاکستان کے نامور  فنکار  شہزاد حسن غازی کے  تیار کردہ  فن پارے کی نمائش کی گئی۔

 سفیر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان بھرپور ثقافت اور متنوع روایات کی سرزمین ہے۔ شمال میں گندھارا تہذیب سے لے کر جنوب میں موہنجو داڑو تک، پاکستان کو ثقافتی طور پر ترقی یافتہ تہذیبوں میں سے ایک وراثت میں ملی۔ انہوں نے  کہا کہ صوفی کلچر، جس کا آغاز پاکستان کی سرزمین سے ہوا، خطے میں رواداری، یک جہتی اور بقائے باہمی کے لیے ایک  اہم عنصر ہے۔

سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے صادقین، عبدالرحمن چغتائی، اسماعیل گل جی اور غلام رسول کے نام سے بہت سے مشہور اور عالمی شہرت یافتہ فنکار پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے  غازی کے فن پارے کو سراہتے ہوئے کہا کہ برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی کاوشوں کو فروغ دیا ہے اور انہیں بیلجیئم کے لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ مستقبل میں ایسی مزید تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے  شہزاد حسن غازی نے تقریب کی سرپرستی  پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آرٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس نے اس عالمگیر دنیا میں مختلف ثقافتوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا آرٹ ورک دیکھنے والوں کو یاد دلائے گا کہ پاکستان تخلیقی اور روشن خیال لوگوں کی سرزمین ہے، جو فن اور ثقافت سے محبت کرتے ہیں۔

تقریب میں آرٹ کے شائقین، سول سوسائٹی کے ارکان، سفارتی   اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر روایتی پاکستانی کھانوں کا اہتمام کیا گیا جس کو شرکاء نے بھرپور طور پر سراہا۔