کرپشن ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے؛ڈپٹی کمشنر اٹک

37

اٹک،10 دسمبر ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ کرپشن ہمارے ملک کی جڑوں کو  کھوکھلا کر رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ایم سی بوائز سکول اٹک میں اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ  یہ ہمارا اولین اصول ہونا چاہیے  کہ ہم اپنے ملک کے قانون کا احترام کریں اور اس کی بہتری کے لیے ہمہ وقت مصروف رہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی نے ہمارے ملک  کے مجموعی نظام کو متاثر کیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ملک کے معاون و مددگار  شہری کا کردار ادا کریں  تاکہ صحت مند اور کرپشن سے پاک معاشرہ پروان چڑھ سکے کیوں کہ ایک بہتر معاشرہ ہی ہماری بقا اور سلامتی کا ضامن ہے۔

 ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں حدیث نبوی صلى الله عليه واله وسلم پر عمل کرنا چاہئے جس میں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا  کے رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں آگ کا ایندھن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں ہفتہ انسداد بدعنوانی منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عوام کو  بدعنوانی کے نقصانات سے   متعلق آگاہ کرنا ہے،  اس لیے پورے ملک میں آگاہی سیمینار اور واکس کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ معاشرے اور سول اداروں سے کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔

 تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بدعنوانی کے نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

  بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد  شیخ کی قیادت میں  واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔