کراچی کی ترقی ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ؛ گورنرسندھ کا 51 ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے گفتگو

26

کراچی،5جنوری  (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی پورے ملک کا فکری، سیاسی، سماجی اور معاشی حب ہے، یہ سب کی توجہ کا مرکز ہے کیونکہ اس کی ترقی ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 51ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاسے گورنر ہاو س میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اسٹاف کورس کے ممبران کی قیادت ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان  کررہے تھے۔گورنر سندھ نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کراچی کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ صوبے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اعلیٰ تعلیم کا فروغ  یقینی بنانے کے اقدامات کر رہا ہے اور صنعت کاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ حکومت کی منصفانہ پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار بھی ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری  کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

 گورنر سندھ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان (کے ٹی پی)کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کے ٹی پی کے تحت گرین لائن بی آر ٹی منصوبہ اور شہر کے لیے 52 جدید فائر ٹینڈرز کی خریداری جیسے منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ بی آر ٹی کراچی کے منصوبے کا افتتاح حال ہی میں وزیراعظم نے خود کیا، تاکہ کراچی کے لوگوں کو بہترین اور جدید ترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے   کہا کہ گرین لائن بس سروس کا مقصد کراچی میں مسافروں کے معیار زندگی اور کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے قابل اعتماد، محفوظ، سستی اور اعلی معیار کی سفری خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ایس آئی ڈی سی ایل)کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ڈی سی ایل کراچی اور ملحقہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائننگ، تعمیر اور ان پر عملدرآمد کے لیے حکومتی پالیسی کے مطابق انفراسٹرکچر کی ترقی، توسیع اور بہتری کے کاروبار کو آگے بڑھانے میں  اپنا کردار ادا کر رہی  ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی، محصولات میں اضافہ کیا، توانائی پالیسی کا اعلان کیا، گردشی قرضوں کا مسئلہ حل کیا، سبسڈی کو معقول بنایا اور نجی شعبے کے لیے مراعات متعارف کروائیں جس سے ملک کے معاشی ماحول کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔ کامیاب جوان پروگرام، احساس پروگرام، صحت سہولت کارڈ اور راشن کارڈ کی سہولت سمیت موجودہ حکومت کے شروع کیے گئے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیمیں عام آدمی کےمعیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے شروع کی گئی ہیں۔

 شرکاء کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے معیشت مضبوط ہوگی اور ملک کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مقامات کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔

سورس:وی این ایس، کراچی