30 برسوں سے حکومت کرنیوالے حکمران طبقے نے اپنے لئے الگ اور عوام کیلئے دوسرا پاکستان بنا دیا،، وزیراعظم عمران خان کا قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب

28

فیصل آباد۔9فروری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ 30 برسوں سے حکومت کرنیوالے حکمران طبقے نے اپنے لئے الگ اور عوام کیلئے دوسرا پاکستان بنا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت ایسا نظام لا رہی ہے کہ کوئی طاقتور کسی کمزور کا حق نہ مار سکے، عورتوں کو وراثت کا حق نہیں دیا جاتا تھا لیکن ہماری حکومت انہیں یہ حق دلا کر رہے گی کیونکہ نبی کریمۖؐ نے قرآنی تعلیمات کے مطابق 1500 سال پہلے انہیں یہ حق دیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ کی بدولت اب ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی عام آدمی کو میسر ہے، حکومت ملک میں یکساں تعلیمی نصاب لے کر آ رہی ہے، یہ ناانصافی ہے کہ بڑے لوگوں کے بچے انگریزی میڈیم میں پڑھیں اور عام آدمی کیلئے الگ نظام ہو، ہم نے پانچویں تک یکساں نصاب لاگو کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ عثمان بزدار کا تین سالہ دور شہباز شریف کے 30 سالہ دور سے بہتر ہے، پہلی دفعہ پنجاب کی تاریخ میں عملی کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو رہا ہے جس سے فیصل آباد کو بھی بہت فائدہ ہوگا اور نئی انڈسٹریاں لگیں گی، پاکستان اب اس راستے پر چل پڑا ہے جس کا میں خواب دیکھتا تھا۔