لاہور، فروری 13(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے میاں چنوں کے علاقے تلمبہ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انھوں نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جنہوں نے ایک شخص کو وحشت، دہشت اور درندگی کے ساتھ قتل کیا ان کو نشان عبرت بنایا جائے گااگر بالفرض کسی نے کوئی جرم بھی کیا ہے اس کو سزا دینے کا اختیار عدالت کا ہے کسی فرد واحد کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔ تمام جید علماء اور اکابرین نے اس حوالے سے شریعت اسلامیہ کے موقف کو واضح کیا کہ کسی بھی ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پولیس انتظامیہ سب اس وقت مجرمین کی گرفتاری اور اس واقعہ کو فساد کا سبب بنانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں مجھے یقین ہے ک یہ مجرمین اپنے انجام کو پہنچیں گے جنہوں نے یہ زیادتی کی ہے۔ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو آپ کا کام اس کو سزا دینا نہیں اس کو سزا دینا عدالت کا کام ہے۔











