اسلام آباد،28فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مارچ کے آخر تک پنجاب ہر گھرانے کے پاس صحت کارڈ ہوگا، نیا ہیلتھ سسٹم وجود میں آرہا ہے۔
پیر کی شام قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صحت انشورنس کارڈ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہے، یہ غریب گھرانوں کیلئے بالخصوص بہت بڑی نعمت ہے کیونکہ غریب گھرانوں میں جب کوئی بیماری ہوتی تھی تو وہ علاج کرانے سے قاصر ہوتے تھے، چھوٹے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نرسز نہیں ہوتے تھے جس کی وجہ سے لوگ بڑے شہروں کے ہسپتالوں کا رخ کرتے تھے، صحت کارڈ جیسی سہولت ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ہے، پنجاب میں مارچ کے آخر تک ہر گھرانے کے پاس صحت کارڈ کی سہولت ہو گی جس کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے کرایا جا سکے گا، اس سے پورا صحت کا ایک نظام وجود میں آئے گا اور دیہات میں بھی ہسپتالوں کا جال بچھ جائے گا، غریب سے غریب گھرانہ بھی پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔











