تین کا کرپٹ ٹولہ  بیرونی آقاؤں کو بہت پسند ہے،وزیراعظم عمران خان  کا قوم سے خطاب

29

اسلام آباد۔31مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کی شب ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں  کہا  کہ تین کا کرپٹ ٹولہ  بیرونی آقاؤں کو بہت پسند ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ شریف خاندان نے مشرف دور میں این آر او لے کر اربوں روپے کے کیسز معاف کرائے، مجھے اپوزیشن میں شامل کرپٹ لوگوں کے اربوں روپے کا علم ہے، تین کا کرپٹ ٹولہ بیرونی آقائوں کو بہت پسند ہے، کرپٹ ٹولہ خودداری کی بات نہیں کر سکتا کیونکہ انکے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، نواز اور زرداری دور میں ملک پر 400 ڈرون حملے ہوئے، ڈرون حملوں میں ہزاروں معصوم جانیں گئیں۔ وزیراعظم نے وکی لیکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے اس وقت کے امریکی سفیر سے کہا موقع دیں میں بھی آپ کی خدمت کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں نواز شریف نے بھارت کو فوج کے خلاف پیغام دینے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آصف زرداری امریکہ سے کہتا رہا کہ ڈرون حملوں میں لوگ مرتے ہیں تو مریں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ابسولیٹلی ناٹ کیوں کہا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ وہ قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ سیاست میں کیونکر آئے۔ انہوں نے برصغیر کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں سیاست کا طالب علم رہا، پوری دنیا کی سیاست پڑھی، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برصغیر میں بہت اہمیت تھی، سیاست میں قائداعظم جیسا عظیم لیڈر میرا آئیڈیل ہے، وہ بیماری کی حالت میں بھی پاکستان کا مقدمہ لڑتے رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے پاس اللہ کا دیا  سب کچھ ہے، شہرت ہے، پیسہ ہے، میرے والدین ایک غلام ملک میں پیدا ہوئے لیکن وہ مجھے آزاد ملک میں پیدا ہونے پر خوش قسمت قرار دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خود داری ایک آزاد قوم کی نشانی ہوتی ہے، خوددار لوگ انگریزوں کی غلامی پسند نہیں کرتے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، لا الہ الا اللہ انسان کو دنیاوی غلامیوں سے آزاد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے، جب میں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا اس وقت سے انصاف، انسانیت اور خودداری میرے سیاسی منشور کا اہم جزو ہیں۔