اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کی شب ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے ملکی مفاد کے لیے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔
وزیر اعظم عمران خان نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ منتخب جمہوری حکومت کو گرانے اور ملک و قوم کی خودمختاری کے خلاف سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دوں گا۔قوم سازش کرنے اور ان کا ساتھ دینے والوں کو نہ تو فراموش کرے گی اور نہ ہی انہیں معاف کرے گی، ضمیر فروش اور ملک کا سودا کرنے والے عصر حاضر کے میر جعفر اور میر صادق ہیں، ملک کے اندر اور باہر موجود کچھ لوگ اور لندن میں بیٹھا مفرور جمہوری حکومت کے خلاف سازش کا حصہ ہیں، ایک ملک کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام 22 کروڑ عوام کے خلاف ہے، اتوار کو تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کا نتیجہ جو بھی نکلے آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، استعفیٰ نہیں دوں گا، قومی سلامتی اور قوم کی خودداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خود داری ایک آزاد قوم کی نشانی ہوتی ہے، خود کسی کے سامنے جھکوں گا نہ قوم کو جھکنے دوں گا، قوم کو غلامی میں نہیں دھکیلوں گا۔











