اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو علم ہے کہ عدم اعتماد بیرونی سازش ہے اور وہ اس کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ خط مجھے دکھایا جائے تو میں ساتھ کھڑا ہوں گا، جب انہیں بلایا گیا تو وہ نہیں آئے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اس سازش میں وہ خود شامل ہیں، اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس سازش کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غلامان شریفیہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور خواجہ آصف بے ضمیر لوگ ہیں، خواجہ آصف پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے عہدے پر رہتے ہوئے دوبئی کی کمپنی سے تنخواہ لیتے رہے، اس طرح کے بے ضمیر لوگ پاکستان پر مسلط رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کہہ رہے ہیں کہ امریکہ نے ہمیں ڈرپ لگائی ہوئی ہے، یہ لوگ پاکستان کے عوام کو بے غیرتی کی زندگی دینا چاہتے ہیں، پاکستان کے لوگ غیرت مند لوگ ہیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ احسن اقبال جیسے لوگ پاکستان پر مسلط رہے۔ بے شرم لوگوں کا یہ گروہ بین الاقوامی سازش سے پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ اس سازش کو پہچان گئے ہیں اور اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں بے ضمیرلوگوں کے خلاف مظاہرے ہوئے، میں ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان مظاہروں میں حصہ لیا۔











