اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم بھکاری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مراسلہ دکھانے کی پیشکش کی ، اس مراسلہ کو نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے تسلیم کیا۔ پاکستانی قوم بھکاری نہیں آزاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے دور میں 400 ڈرون حملے ہوئے، ہمارے معصوم شہریوں کو مارا گیا۔ سوائے عمران خان کے کوئی لیڈر اس کے خلاف کھڑا نہیں ہوا، بھکاری قوم نہیں بلکہ یہ خود ”بیگرز” ہیں۔ گزشتہ ادوار میں مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے کشمیری قیادت سے ملنے سے بھی انکار کیا تھا۔ اجیت دوول کو بغیر ویزہ کے پاکستان مدعو کیاگیا ۔ شیریں مزاری نے کہا کہ ہم خودددار قوم ہیں، کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔ پارلیمان میں بولنا ہمارا حق ہے۔ الیکشن کمیشن کا کام ہے تین ماہ میں الیکشن کرائے، انہوں نے سات ماہ کا وقت کیوں مانگا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جارہا ہے، انہیں پتہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کی سپورٹ کس کے ساتھ ہے۔ نیب کو ختم کرنا چاہتے ہیں، قوم فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ سازش ہو رہی ہے، سب جانتے ہیں غدار کون ہے۔











