لاہور ، اپریل 22(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن کے علاوہ سول سرونٹس کو انتقام کا نشانہ بنایا،سب ملے ہوئے تھے ہمیں چور کہاگیا پھر دائرہ اسلام سے خارج کرانے کی کوشش کی اور اب غیر ملکی سازش کا رونا رو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے اداروں کو کمزور کیا،کشمیر مودی کی جھولی میں ڈال دیا، لندن کے میئر کے انتخابات میں صادق خان کی مخالفت کی اور وہ جس مراسلہ کا آج کل جلسوں میں ذکر کرتے ہیں وہ کسی عدالت میں بھیجیں،حکومت سے نکلنے کی سازش عمران خان نے خود تیار کی، اس کے رویہ سے اتحادی اور اس کی پارٹی کے ارکان مایوس تھے۔عمران خان کو اس کی نالائقی، نااہلی،ناتجربہ کاری اور تکبر کی بنا پر نکالا گیا، حکومت سے نکالنے کا سہرا اتحادی جماعتوں کے 17 اور ان کی اپنی پارٹی کے 20 منحرف ارکان کے سر ہے، اتحادی اور منحرف ارکان کہتے ہیں کہ عمران خان ان سے ہاتھ تک نہیں ملاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایسا کون سا کام کیا کہ وہ جلسوں میں کہتا ہے کہ مجھے سازش کے تحت نکالا گیا۔











