لاہور، 28 مئی ( اے پی پی ): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے قومی اتفاق رائے سے 1973 کا آئین منظور کرایا، آمروں نے پاکستانی آئین کاحلیہ بگاڑا لیکن اسے ختم نہیں کر سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کے ملک بچا لیا کسی نے آصف زرداری کو اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دینے کا نہیں کہا تھا جہاں پٹواری اپنا اختیار کسی کونہیں دیتا وہاں مرد حر نے اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو دیدیے۔انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی جگہ ہم سے بھول ہوئی ہے ،وقت کیساتھ ہم میں سے برداشت ختم ہوتی جا ر ہی ہے ،قوت برداشت ہماری قوت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوانوں کو سوچنے سمجھنے کی ضرورت ہے،پاکستان کو معیشت سے زیادہ محبت اور پیار کی ضرورت ہے،کیا ہم ہائبرڈ وار کا شکار تو نہیں ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے کے گھر میں خوشحالی نہیں آ سکتی، آج نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم بھی بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتی نظر آتی ہے، سچائی کو بند باندھ کر نہیں روکا جا سکتا ۔











