بہاولنگر؛ بلدیہ ہال منچن آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد، سائلین کے مسائل سنے گئے

1

بہاولنگر، 14 مئی ( اے پی پی ):انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب  راؤ سردار علی خاں  کی ہدایت پر انصاف عوام کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر نے ڈی پی اوفاروق احمد انور کے ہمراہ بلدیہ ہال منچن آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔آرپی او نے کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کے مسائل کو فرداً فرداً سنااور ان کی درخواستوں پرمتعلقہ افسران کو میرٹ پرفوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹ بھجوانے کا حکم دیا۔

 آر پی او بہاولپور نے کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرایہاں آنے کا مقصد لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں اور لوگوں کو بہاولپور جانے کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے اسی طرح میں نے بہاولپور ریجن میں مختلف مقامات پر بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا تاکہ لوگوں کی تکالیف کم ہوں اور پولیس جو دن رات کام کر رہی ہے کا امیج عوام میں بہتر بنایا جائے۔اسی طرح آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی او اور ایس ڈی پی اوز نے اپنے اپنے سرکل ہائے میں کھلی کچہریوں کاسلسلہ شروع کیا ہوا ہے ہم شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پرڈی پی اوبہاولنگرفاروق احمد انور نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او آفس بہاولنگر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ضلع بہاولنگر کے شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے بلاجھجک تشریف لا سکتے ہیں۔

بعد ازاں آر پی او بہاولپور نے ڈی پی اوآفس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ کرائم میٹنگ کی۔میٹنگ میں آر پی او نے تمام ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد از میرٹ پر یکسو کریں،سنگین مقدمات خصوصاً قتل،اغواء،ڈکیتی،راہزنی میں کارکردگی بہتر بنائیں غیر قانونی حراست اور کرپشن کی شکایت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،مجرمان اشتہاریوں،عدالتی مفروران اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 ایس ڈی پی اوز کو پبلک مقامات پر ہفتہ میں ایک دن کھلی کچہری لگانے کی ہدایت کی۔ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

سورس:وی  این ایس،  بہاولنگر