سفیر پاکستان برائے بیلجیئم، لکسمبرگ، اور یورپی یونین  ظہیر اسلم جنجوعہ کا پاکستانی کمیونٹی کے نام   الوداعی پیغام

23

بیلجیئم،08مئی(اے پی پی):سفیر پاکستان برائے بیلجیئم، لکسمبرگ، اور یورپی یونین  ظہیر اسلم جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کے نام   الوداعی پیغام میں کہا ہے کہ بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں اپنی پوسٹنگ کی مدت پوری ہونے پر میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں رہنے والے اپنے  تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو الوداع کہنا چاہوں گا۔انہوں نے کہا کہ بطور سفیر  بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ،  انکے مسائل کا فوری تدارک اور   بلا تعطل خدمات کی فراہمی  میری  اولین ترجیح رہی ہے ۔کروناء   وباء کے مشکل دنوں میں بھی سفارتخانے نے اپنا کام جاری و ساری رکھا حالانکہ اس دوران  بہت سے سفارتخانوں نے اپنا کام بند کردیا تھا۔  مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ آئندہ بھی سفارت خانہ  پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دیتا رہے گا ۔

سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ میں آپ کو انتہائی فخر سے بتانا چاہتا ہوں  کہ  میرے  دوران تعیناتی  ، پاکستان اور میزبان ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون  میں وسعت اور گہرائی میں اضافہ ہوا ۔ اس دوران بہت سے اہم   دوطرفہ  وفود  کا تبادلہ ہوا۔ ان   اعلیٰ سطحی  دوروں نے بیلجیئم،  لکسمبرگ ، یورپی یونین اور   پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر  آپ سب کا  شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ سب نے میرے ساتھ   بھرپور گرمجوشی اور مہمان نوازی  کا مظاہرہ کیا۔آپ نے بیلجئم کو  واقعی  ہمارا گھر اور ایک ایسی جگہ  بنایا جہاں  ہم  اکثر واپس آنے کی امید کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان ،  بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لوگوں کے درمیان بطور قوم رشتہ ہمارے تعلقات کی مضبوط بنیاد رہے گا۔

سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے  کہا کہ میں  میڈیا کے احباب کا  بھی خاص طور پر مشکور ہوں کہ  انہوں نے  پاکستان کی مثبت تصویر پیش کی اور پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ میری اگلی ذمہ داریاں اب کینڈا میں ہوں گی اور میں آپ سب کو کینڈا میں کھلے دل سے خوش آمدید  کہنے کا منتظر رہوں گا۔

سفیر ظہیر اسلم نے کہا کہ میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور  وطن عزیز  کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔ پاکستان زندہ باد

سورس: وی این ایس، اسلام آباد