اٹک،28 مئی ( اے پی پی ): پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، اب شہباز شریف معاشی قوت بنائیں گے ، نااہل شخص عمران نیازی نے چار سالوں میں پاکستان کو ہر میدان میں تباہ حال کر دیا لیکن قوم اطمینان رکھے اب وزیر اعظم شہباز شریف اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکلات کے باوجود حقیقی معنوں میں ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کردیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان مسلم لیگ(ن) اٹک میں یوم یوم تکبیر کی پروقار تقریب سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 28اکتوبر 1998کو امریکی صدر بل کلنٹن کی 5ارب ڈالرز کی آفر کو ٹھکرا کر نواز شریف نے غیرت مند قوم کے غیور اور نڈر لیڈر ہونے کا ثبوت دیا پھر نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں کی بہت بڑی قیمت ادا کرنا پڑی، جلا وطنی ، کال کوٹھڑی اور سزائیں قبول کر لیں لیکن قوم کی غیرت پر کوئی سودا نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت میاں نواز شریف کو ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے سزا دی گئی اب سی پیک منصوبے کی وجہ سے جلاوطنی کی سزا کاٹ رہے ہیں کیونکہ سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو کہ عالمی طاقتوں کو منظور نہیں۔
سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ انڈیا کی یہ سوچ تھی کہ میں بڑا ملک ہوں جب بھی چاہوں پاکستان پر حملہ کردوں یا کشمیر کو ہڑپ کر جائوں لیکن ایٹمی قوت بننے کے بعد بھارت میں یہ ہمت نہیں کہ وہ اس طرح سوچ بھی سکے ، نواز شریف نے انڈیا کے مقابلے میں چھ دھماکے کئے ، آج کے دن چاغی کے مقام پر جا کر دھماکے کئے اور بٹن دبایا تو صرف پاکستان ہی نہیں عالم اسلام ایٹمی طاقت بن گئی اور مسلم امہ نے جشن منایا کہ اب ہم محفوظ ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالم اسلام کی طاقت بنانے کی پاداش میں نواز شریف کو وزیر اعظم کی کرسی سے اٹھا کر اٹک قلعے میں ڈال دیاگیا تھا۔
اس موقع پر امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی ون شیخ سلمان سرور، سینئر لیگی رہنما شیخ محمد اجمل، صدر پی ایم ایل این ضلع اٹک محمد سلیم شہزاد، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد محمود، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی اٹک شیخ ناصر محمود اور سٹی صدر حاجی احسان خان نمبردارسمیت لیگی عہدیداران ، سپورٹرز اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔











