پنجاب بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا،490 روپے میں   دستیاب  ہو  گا

2

لاہور،20مئی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب  حمزہ شہباز کی زیر صدارت صوبہ بھر میں آٹے کی سپلائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب نے صوبے بھر میں سستے آٹے کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر قصبے اور چھوٹے بڑے شہر میں 490 روپے میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے،پنجاب بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے فلور ملوں سے مارکیٹ تک سستے آٹے کی سپلائی چین کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نےچینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کیلئے جلد حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہمارا یہ اقدام اللہ کی مخلوق کی مشکلات کم کرنے کی حقیر کاوش ہے چینی اور گھی کی قیمتیں کم کرکے خلق خدا کیلئے مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔

اجلاس میں سردار اویس احمد خان لغاری، چوہدری محمد اقبال،بلال یاسین، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

سورس:وی  این ایس، لاہور