کوئٹہ؛ صوبے میں  بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ، تیاریوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

23

کوئٹہ،20مئی(اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اعلی  سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس  میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

 چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت  بلدیاتی انتخابات منعقد کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے،  الیکشن کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور انتخابات کی نگرانی کے لیے ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی روابط کو مزید مربوط اور مستحکم کریں اور باہمی معلومات کے تبادلے کے نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران امن وامان کی مجموعی صورتحال برقراررکھنے کے لئے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دی جائیگی۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے بھر میں پٹرولنگ موبائلز و سپیشل پٹرولنگ موبائل تعینات کی گئی ہیں جو کہ مسلسل آن روڈ رہیں گے، جب کہ کیو آر ایف اور ار ار ایف کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور عوام بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے کیونکہ یہ وقت محنت کرکےعوام کو ڈیلیور کرنے کا ہے۔

 چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئےعزم اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ بہترین کارکردگی پر افسران کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد پورے صوبے کا دورہ کریں گے اور اس دوران تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

اجلاس کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ، کمشنر سبی ڈویژن بالاچ عزیز، 12کور، الیکشن کمیشن، حساس اداروں کے نمائندے جبکہ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز، ایف سی کے نمائندوں نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

سورس:وی  این ایس، کوئٹہ