کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران سی آئی اے پولیس نے بچوں کو اغواءکرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ

33

کوئٹہ۔20مئی(اے پی پی):ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران سی آئی اے پولیس نے بچوں کو اغواءکرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے جمعہ کو سی پی او آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، گاڑیاں اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کرلی گئی یہ گینگ کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے تاوان کے لئے بچوں کو اغواءکرتا تھا اور مغوی بچوں کے والدین اور ورثاءسے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتا تھا یہ گینگ آٹھ افراد پر مشتمل ہے جس کو ٹریس کرنے کے لئے پولیس کافی عرصہ سے متحرک تھی ایک کامیاب کارروائی میں اغواءکار گینگ کے سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں کررہے ہیں گرفتار ملزمان پولیس کو چار مختلف مقامات میں مطلوب تھے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جرائم پیشہ افراد کے قلع قمع کے لئے پولیس متحرک کردار ادا کررہی ہے اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاررہے ہیں پریس کانفرنس میں ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔