پاراچنار،05جون(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد طوری نے پاراچنار پولیس سٹیشن میں اوورسیز فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کردیا ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف قسم کے مسائل کے حل میں آسانی ہوگی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ساجد طوری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قبائلی اضلاع کے مسائل کے حل کیلئے تیز ترین اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کیساتھ ساتھ اوورسیز ہاؤسنگ سوسائٹی کے قیام کے حوالے سے بھی کوششیں جاری ہیں اور عنقریب ضلع کرم میں ہاؤسنگ سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ قبائلی اضلاع میں دیگر سہولیات کیساتھ ساتھ میڈیکل کالج اور کیڈٹ کالج کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
قبائلی عمائدین نے اوورسیز فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر ساجد طوری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔











