اسلام آباد،20جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا، عمران خان کے دور میں زیادہ وقت امپورٹڈ وزیر خزانہ رہے، عمران خان نے اپنے دور میں کروڑوں لوگوں کو غربت کی چکی میں دھکیل دیا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا اور تباہ کیا، عمران خان کے دور میں غربت اور قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، عمران خان نے مسلسل جھوٹ بولنے والے کرائے کے ترجمان رکھے ہوئے تھے، 2018ء میں عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا، عمران خان کے دور میں گردشی قرضوں میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سات لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا اور صنعتوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جب اسے پتہ چلا کہ میری کرسی نہیں رہی تو عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے ملکی معاشی مشکلات میں اضافہ کیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے کیلئے چھوڑ دیا گیا مگر اتحادی حکومت نے بڑی مستعدی کے ساتھ ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور اب اس کے دور رس اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔











