مسلم لیگ ن کی تمام تر توجہ معیشت کی بہتری اور ترقی پر مبذول ہے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

1

لاہور ، 27 جولائی  (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ  ملک میں معاشی استحکام لانے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، مسلم لیگ ن کی قیادت کی تمام تر توجہ معیشت کی بہتری اور ترقی پر مبذول ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے     معروف کاروباری اور سماجی شخصیت سعید ڈیرے والے کی قیادت میں وفد  سے   گفتگو میں  کیا ، جنہوں نے   بدھ کو  یہاں گورنر سے   ملاقات کی۔وفد میں مختلف انڈسٹریز سے وابستہ افراد میاں کلیم سعید، میاں ضعیم انور، میاں اظہر انور و دیگر شامل تھے۔وفد نے گورنر پنجاب کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے   کہا کہ    کاروباری افراد ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ تاجر برادری کی فلاح بہبود کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کاروباری حضرات کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے، تاجر برادری نے ہر مشکل وقت میں ملک اور عوام کی خدمت کی ہے، ملک میں کورونا وبا کے دوران بھی تاجر برادری نے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا۔انہوں   نے کہا کہ گورنر ہاوس آپ کے فلاحی کاموں میں شانہ بشانہ کھڑا ہے۔