اسلام آباد،20جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا، عمران خان کے دور میں زیادہ وقت امپورٹڈ وزیر خزانہ رہے، عمران خان نے اپنے دور میں کروڑوں لوگوں کو غربت کی چکی میں دھکیل دیا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے ملکی معاشی مشکلات میں اضافہ کیا اور ملک کو دیوالیہ ہونے کیلئے چھوڑ دیا گیا مگر اتحادی حکومت نے بڑی مستعدی کے ساتھ ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور اب اس کے دور رس اثرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اگست تک مزید حالات بہتر ہوں گے اور مہنگائی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں آج کل جو حالات ہیں۔ انہوں نے معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے مگر ہماری اتحادی حکومت نے آتے ہی ملکی معیشت کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور معیشت کو 2018ء کی پوزیشن پر پھر واپس لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2018ء میں ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا مگر سابق نااہل وزیراعظم نے ساڑھے تین سال بعد ملک کو دوبارہ لوڈ شیڈنگ کی طرف دھکیل دیا، ہماری توانائی و معاشی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔











