رینالہ خورد ؛ اوکاڑہ یونیورسٹی میں جشن آزادی کی  تقریبات ،پرچم کشائی سمیت  شجر کاری کی گئی

4

رینالہ خورد،14اگست(اےپی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی میں پاکستان کے پچھترہویں  یوم آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبا ت منعقد کی گئیں۔  تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا ۔تقریب میں شجر کاری کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ یونیورسٹی کے گارڈز کے ایک چاق و چوبند دستے نے نوبہار خان کی قیادت میں گارڈ آف آنر پیش کیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا ۔اس سے پہلے یونیورسٹی میں جشن آزادی کے حوالے سے تمام عمارات پہ چراغاں بھی کی گئی اور  مضمون نویسی اور تقریر کے مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔

تقریب پرچم کشائی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجدنے اسسٹنٹ کمشنر رینالہ چوہدری ضیااللہ اور سنڈیکیٹ کے ممبران مظہر حسین ساہی اور ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی کے ہمرا ہ شرکت کی۔ اس کے علاوہ اساتذہ، انتظامی افسران اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر واجد نے  نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ یونیورسٹی کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے بتائے ہوئے میرٹ اور ایمانداری کے اصولوں کے مطابق چلانے کےلیے کوشاں ہے۔ انہوں نے طلباء کو تعلیم و تحقیق کی جدید سہولیات کی فراہمی کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور اساتذہ و طلباء کو محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

   اسسٹنٹ کمشنر رینالہ چوہدری ضیااللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قائد اعظم کی تعلیمات پہ عمل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پہ گامزن کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر زعیم نے بتایا کہ پاکستان اسلام کے نام پہ بنا تھا اور ہمیں ملک میں اسلامی قوانین اور اصولوں کے نفاذ کےلیے کام کرنا چاہیے۔ مظہر ساہی نے یونیورسٹی کمیونٹی کویوم آزادی کی مبارک باد دی اور  ان کو ادارے کی تعلیمی و انتظامی بہتری کےلیے محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔