کوئٹہ ، 12 نومبر (اے پی پی ): سینئرصوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نور محمد دمڑ نےکہا ہے کہ بلوچستا میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی کیلئے پانچ سو بلین روپے درکار ہیں ، بلوچستان حکومت متاثرین کی بحالی کاوعدہ پورا کرئے گی، وفاقی حکومت اور مخیر حضرات بھی متاثرین کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
یہ بات انہوں نے الحمد اسلامک یونیورسٹی میں ماس ہیومن ریسورس سروسز کے زیراہتمام بلوچستان کی دوبارہ تعمیر، بنیادی ڈھانچہ ، سرمایہ کاری ، شہری منصوبہ بندی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔نور محمد دومڑ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کا پچاس فیصد حصہ تباہ ہوا لیکن وفاقی حکومت اور عالمی سطح پر بلوچستان کو ملنے والی امداد نہ ہونے کے برابر ہے، اب بھی بلوچستان کے بہت سے علاقوں میں سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزانے پر مجبور ہیں ، بلوچستان حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے محدود وسائل میں رہتے ہوئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔
سینئرصوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نور محمد دمڑ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق سیلاب کے باعث بلوچستان کو چار سو بلین کا نقصان ہوا ہے، نقصانات کے تدارک اور متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت کو پانچ سو بلین روپے درکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی ازسر نو بحالی محدود وسائل میں حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے تاہم بلوچستان حکومت متاثرین کی دوبارہ بحالی کیلئے اپنا وعدہ پورا کرے گی، وفاقی حکومت اور مخیر حضرات بھی متاثرین کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
کانفرنس سےچیئرپرسن ماس ہیومن ریسورس مریم صباء چوہدری ، سیکرٹری انڈسٹریز عابد سلیم ، سیکرٹری ٹاو ن پلاننگ سیف الرحمٰن ،ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے غفور آغا و دیگر نےبھی خطاب کیا ۔











