لاہور، یکم نومبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پر جناح ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دونوں ہسپتالو ں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری بھی دی. وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر اور دیگر پیچیدہ امراض کا مفت علاج کیاجائے گا۔ لاہور کے جناح ہسپتال اور ملتان کے نشتر ہسپتال میں سائبر نائف ٹیکنالوجی کو جلد متعارف کرایا جائے گا۔ دونوں ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی سے طریقہ علاج کے بارے میں ڈاکٹرز کو تربیت بھی دی جائے گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت گھرکی ہسپتال کے تعاون سے سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کے ذریعے علاج کو ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کرچکی ہے۔ اب پنجاب کے 2بڑے ہسپتالوں میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیاہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا بھی جائزہ لیں گے۔ اس ضمن میں جلد فیصلہ کرکے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ پروگرام میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف شامل کرنے کی منظوری بھی دی۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کے پروفیسرڈاکٹر عبدالمجید چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سیکرٹری خزانہ، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











