ملتان؛ 5 روزہ سکولمپکس گیمز کا باقاعدہ آغاز، 1900 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

27

ملتان، 08 نومبر (اے پی پی ):محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام 5 روزہ سکولمپکس گیمز کا باقاعدہ آغاز  قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں ہوا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب طفر، سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو، ممبران صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی اور مخدوم رضا بخاری نے سکولمپکس کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر عظمی قریشی، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی اور برٹش ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سمیت معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سکولمپکس میں شریک کھلاڑیوں کے مختلف دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔ سکولمپکس گیمز میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے آئے 1900 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور تمغوں کے حصول کے لیے یہ کھلاڑی ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور اتھلیٹیکس کے مقابلوں میں آمنے  سامنے ہوں گے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن  جنوبی پنجاب کے زیراہتمام بین الاقوامی اولمپکس کی  طرز پر  ترتیب دیے گئے یہ  مقابلے 12 نومبر تک جاری رہیں گے۔