جلالپورپیروالہ، 05 نومبر (اے پی پی ): رہنما پیپلزپارٹی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان اور سیاسی استحکام وقت کا اہم تقاضا ہے،وزیر آبادحملے کی تحقیقاتی رپورٹ سے قبل کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا مناسب عمل نہیں ہے ۔
ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان میں پُرتشدد سیاست کی ہرگز گنجائش نہیں ۔انہوں نے کہا کہہ ریلی کی سیکورٹی پنجاب حکومت کی ذمہ داری تھی، شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حملے کی تحقیقاتی رپورٹ سے قبل کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا مناسب عمل نہیں جبکہ ملک میں اس سے پہلے معمولی حالات بگڑنے پر بھی مارشل لگ جاتا تھالیکن موجودہ اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی کے ہم سیاسی ہوں اور ملک کے حالات خراب ہوں۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ یہی آپ کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اقتدار میں آکر سابق حکومت اور آئی ایم ایف کے معاہدے من وعن پورے کیے، پی ڈی ایم کی حکومت اگر آئی ایم ایف کے معاہدے پورے نہ کرتی تو ملک دیوالیہ ہوجاتا جبکہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے پی ڈی ایم حکومت نے سیاست سے بالاتر ہوکر مشکل فیصلے لیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمل سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا،عمران خان لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں تو پُرامن کریں، خونی نہیں۔
پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے یوم تاسیس پر ملتان پرامن جلسہ کرنا چاہا تو پی ٹی آئی حکومت نے رکاوٹیں پیدا کی تھیں ،یوم تاسیس پر امن ہونے کے باوجود میرے دو بیٹوں کو جیل میں ڈالا گیا ،سامان ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں ابھی تک موجودہ حکومت نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔











