لاہور،5نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے برطانیہ کے نامور صنعتکاروں اور معروف کاروباری شخصیات کے 15 رکنی وفد نے ہفتہ کو یہاں وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پرپنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، پولٹری اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا اور برطانوی صنعتکاروں کی طرف سے پنجاب میں سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
برطانوی صنعتکاروں او رکاروباری شخصیات نے سی بی ڈی، روڈا اور دیگر پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ برطانوی وفد نے وزیراعلی پرویز الہی کے ویژن اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شاندار میزبانی پر تشکر کا اظہار کیا۔
وزیراعلی نے برطانوی صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خود پر یقین کی ضرورت ہے، اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ترقی کی منازل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ روڈا، سی بی ڈی اور دیگر بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے برطانیہ میں روڈ شو کریں گے اوربیرونی سرمایہ کاری کے تحفظ کی بھرپور ضمانت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ون سٹاپ شاپ سروس شروع کر رہے ہیں۔آف گرڈ ہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت انرجی کے مختلف پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب میں 10 سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا رہے ہیں، 10 سالہ ٹیکس ہالیڈے دیں گے۔ راوی سٹی اور لاہور جدید ترین ٹوئن سٹی کی مثال ثابت ہوگا۔روڈا میں 3 ہزار انڈسٹریز اپنی دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں۔روڈا میں سعودی عرب اور ملائشیاء کے سرمایہ کار بھی راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈا میں رہائشی اور کمرشل ڈسٹرکٹ قائم کئے جائیں گے۔روڈا پراجیکٹ میں9 ویسٹ ٹریٹ مینجمنٹ پلانٹس اور 7 چھوٹے بڑے بیراج بنائیں گے۔چہار باغ ریذیڈنشل بلاک اپنی مثال آپ ہوگا۔
وزیراعلی نے کہا کہ لاہو رسنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش موصول ہو چکی ہیں۔لاہور کے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں پاکستان کا سب سے طویل سکائی سکریپر بنایا جائے گا۔سی بی ڈی کی ورٹیکل بلڈنگز میں سرکاری دفاتر قائم کئے جائیں گے۔
معروف برطانوی سرمایہ کار زبیر ولی عیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جب سے آئے ہیں، پیار ہی پیار مل رہا ہے۔ لارڈ واجد خان نے کہا کہ چودھری پرویز الہی پنجاب کی ترقی کیلئے قابل قدر ویژن رکھتے ہیں۔ دیگر برطانوی سرمایہ کاروں نے کہا کہ پاکستانی پراڈکٹس کو برینڈنگ اور مارکیٹنگ میں بہتری لا کر دنیا میں پیش کیا جا سکتا ہے۔سیکرٹری انڈسٹریز، روڈ اور سی بی ڈی کے سربراہان نے مختلف پراجیکٹ اور کاروباری مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
زبیر ولی عیسی، لارڈ واجد الطاف خان کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد میں ہارون عبداللہ پٹیل، حسن احمد منشی، الیاس اسماعیل رحمانی، سراج احمد پٹیل، محمد صادق، ایوب پٹیل، محمد طیب، محمد عاصم، رفیق بخش، ذاکر یعقوب، موسی پٹیل، شکور احمد، انوار غنی اور جعفر اقبال شامل تھے۔ چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، جی ایم سکندر، راسخ الہی، سیکرٹری انڈسٹریز، چیئرمین پی بی آئی ٹی،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی بی آئی ٹی، سی ای او روڈا اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔











