وفاقی محتسب فیصل آباد کا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ کا دورہ، پنشنروں کے مسائل سنے

41

فیصل آباد ، 15  نومبر (اے پی پی): وفاقی محتسب اسلام آباد اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے مطابق وفاقی محتسب کے تمام علاقائی دفاتر موصول شدہ شکایات کے علاوہ اب خود بھی سرکاری محکموں کا دورہ کیا کریں گے تا کہ بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے اقدامات میں تیزی و بہتر ی لائی جاسکے۔

سربراہ وفاقی محتسب علاقائی دفتر فیصل آباد سید غضنفر مہندی نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر اے پی پی کو بتایا کہ ہم وفاقی محتسب اسلام آباد کی ہدایات کے مطابق آج یہ دورہ کر رہے ہیں۔

 انہوں نے اپنے دورے کے دوران علاقائی ڈائریکٹر ای او بی آئی احمد حسیب سے پنشنروں کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی پنشنروں کے مسائل کیوں حل نہیں کر رہا جس پر ڈائریکٹر ای او بی آئی نے بتایا کہ ہم ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں تاہم ای او بی آئی نے کہا ہے کہ عملہ کی شدید کمی، عدالتوں میں کیسز کے التوا اور دیگر مسائل ہماری بہتر کارکردگی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔

احمد حسیب نے محتسب فیصل آباد کو بتایا ہمارے پاس 691 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 461 حل ہو چکی جبکہ باقی تصدیقی عمل میں مسائل کے باعث التوا کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین چونکہ زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہوتے اور اکثریت کے پاس اپنی ملازمت کے ثبوت نہیں ہوتے اور فیکٹریوں میں بھی اندارج کا جدید نظام نہ ہونے کے باعث پنشنروں کی پنشن کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے۔

 ڈپٹی لیگل ای او بی آئی محمد صدیق نے کہا کہ اکثر لوگ ٹیکس سے بچنے کیلئے بھی نظام میں اپنے کوائف درج نہیں کرواتے جس کے باعث مسائل جنم لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مینول نظام کے بجائے جدید کمپیوٹرائزڈ نظام اپنانا ہو گا تاکہ ای او بی آئی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

 سید غضنفر مہندی نے کہا کہ ان مسائل کے حل کیلئے ای او بی آئی عوامی آگاہی مہم چلائے جس میں ملازمین خصوصاً کم پڑھے لکھے افراد اور بزرگوں کو ان کے درست کوائف کو جدید کمپیوٹرئزڈ نظام کے اندراج کے طریقے بتائے جائیں تاکہ ملازمین اور سرکاری محکموں کے مابین مسائل ہوں۔