ملتان، محکمہ فوڈ کی ٹیموں نے پانچ فلور ملز کا کوٹہ معطل کر دیا

70

ملتان،30نومبر( اےپی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا کی سربراہی میں محکمہ فوڈ کی ٹیموں نے گزشتہ روز آٹے کی ناقص کوالٹی اور کوٹے کی خورد برد پر 5 سے زائد فلور ملز کا کوٹہ معطل کردیا جبکہ مل مالکان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔کارروائی کے دوران رمضان فلورمل،الرزاق فلور مل اور مشہد فلور ملز کی سپلائی بند کرکے 3 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے پاکیزہ فلور ملز بستی ملوک میں بھی آٹے کی خوردبرد پکڑلی اور قانونی کارروائی شروع کردی اسی طرح ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے ملتان شہر کے ہول سیل پوائنٹس کی انسپکشن کی اور آٹے کی ناقص کوالٹی پر العمر فلور ملز اور عبداللہ فلور ملز کو جرمانے کرکے وارننگ بھی جاری کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملتان ڈویژن آصف رضا نے کہا ہے کہ سیکرٹری خوراک پنجاب نادر چھٹہ کی ہدایت پر گندم سمگلنگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا جبکہ ڈویژن بھر کے خارجی راستوں پر بھی ناکہ بندی مزید سخت کردی گئی ہے جہاں 24 گھنٹے چیکنگ ٹیمیں متعین کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے گندم مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا ٹاسک دیا ہے،ایک ماہ میں ہزاروں ٹن گندم کی بین الصوبائی سمگلنگ کو ناکام بنایا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے بتایا کہ فلور ملز مالکان کا قبلہ درست ہونے تک کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔