اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر)سے کوہستان جرگہ کے اراکین کے ہمراہ ملاقات کی اور واپڈا کے ساتھ معاہدے اور کوہستان میں بجلی کے منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ کوہستان جرگہ کے اراکین کا ان پر اعتماد کرنے پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان کے عوام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں لیکن وہ ہمیشہ کوہستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے جرگے کے مطالبات کو دہرایا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) نے کہا کہ وہ کوہستان کے عوام کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ انہوں نے جرگہ کے اراکین کو مسائل کے حل کے لیے اجتماعی نقطہ نظر میں دلچسپی دکھانے پر مبارکباد دی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تمام اضلاع میں 3 میگا واٹ ہائیڈل پراجیکٹس لگائے جائیں گے۔ انہوں نے جرگہ سے کہا کہ وہ منصوبوں پر جلد کام کے لیے زمین فراہم کرنے میں واپڈا کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ زمین مالکان کومعاوضہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد کام شروع کر دیا جائے گا، اس ماہ میں سروے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ سجاد غنی نے کہا کہ ملازمتوں میں مقامی لوگوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ چیئرمین واپڈا نے کوہستان کے تینوں اضلاع میں تین تین سکول قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کوہستان میں ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔











