پاکستانی نوجوانوں میں قابلیت اور ذہانت کی کمی نہیں؛ معاون خصوصی یوتھ افیئرز شیزہ فاطمہ خواجہ

21

لاہور،16دسمبر  (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی یوتھ افیئرز شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں، جن کے نوجوان درست سمت پر چل رہے ہیں،پاکستان ایک ایسا ملک ہے،جس کی سب سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوانوں میں قابلیت اور ذہانت کی کمی نہیں ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسزلاہور میں ہایئر ایجو کیشن کمیشن کے زیراہتمام پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ لیگ کا افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہایئر ایجو کیشن کمیشن کے زیراہتمام پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ لیگ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی چانسلر/ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن تھے ۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی یوتھ افیئرز شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں میں وہ تمام خصوصیات موجود ہیں،جو نوجوانوں کا خاصہ تصور کی جاتی ہیں،ان میں ہمت ہے، جذبہ ہے، قابل ہیں، ذہین ہیں، بہادر ہیں اور محنتی بھی ہیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ ملکوں کی ترقی نوجوانوں پر انحصار ہوتی ہے ،ہمارے پاس 80 فیصد آبادی یوتھ پر مشتمل ہے ،خواتین پچاس فیصد ہیں، ان کے لیے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، سب مل کر ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں،نوجوان نفرتوں کو ہرا کر کھیلوں کے میدان میں آئیں۔

 واضح رہے کہ لیگ میں ملک بھر سے15 سے 25سال عمر کے کھلاڑیو ں پر مشتمل 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،مقابلے 20 دسمبر تک جاری رہیں گے۔پروگرام کے آخر میں گورنر پنجاب اور وزیراعظم کی معاون خصوصی یوتھ افیئرز شیزہ فاطمہ نے ریسلنگ،ویٹ لفٹنگ اور سائیکل ریس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔