سیالکوٹ، 06جنوری(اے پی پی):پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کمپیوٹر ایکسپرٹس سیالکوٹ کے اشتراک سے “علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ اپنے ایکسپورٹ بزنس کو بڑھاؤ” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں ممبر ایگزیکٹو کمیٹی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) سلیم اختر بھٹہ نے بتایا کہ ایس ایم ایز اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے موثر سیمینارز اور ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد انہیں موجودہ ای کامرس کے ساتھ اپ ٹو ڈیٹ رکھنا ہے۔ علی بابا ڈاٹ کام اور ایمیزون پر ایک کامیاب بی 2بی فروخت کنندہ بننے کے لیے رجحانات، علمی خلاء کو پُر کرنا، اور اسٹارٹ اپس کو ای کامرس پلیٹ فارمز پر سیکھنا جیسی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیمینار آپ کے علم میں اضافہ اور آپ کے کاروبار کو بڑھانے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کمپیوٹر ایکسپرٹس بشیر بھٹی نے او ڈی ایم ، او ای ایم مینوفیکچرنگ کے ساتھ کام کرنے کے فوائد اور نئے کاروبار کی ترقی کے لیے مصنوعات کے علم کی اہمیت کے بارے میں ایک مختصر پریزنٹیشن دی اور کاروبار کے فروغ کے لیے علی بابا ڈاٹ کام کے مستقبل کی بھی وضاحت کی اور بتایا کہ علی بابا دنیا کا سب سے بڑا بی ٹو بی پلیٹ فارم ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر کمپیوٹر ایکسپرٹس نے کہا کہ علی بابا پر بزنس مین کو دنیا کے200سے زائد ممالک سے لیڈز مل رہی ہیں۔
کمپوٹر ایکسپرٹس کے نمائندوں نے علی بابا ڈاٹ کام کے ساتھ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے برآمدی کاروبار پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی۔انہوں نے سامعین کو علی بابا ڈاٹ کا م پر سمارٹ سفارشات کے ساتھ مصنوعات کی نمائش، کوٹیشن کی درخواست (آر ایف کیو )، مطلوبہ الفاظ کی تشہیر اور سرٹیفیکیشن کی اہمیت سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید صارفین کو راغب کرنے کے لیے آن لائن کیٹلاگ اسٹور فرنٹ کی اہمیت اور علی بابا ڈاٹ کام میں پیش کردہ گلوبل گولڈ سپلائر پیکجز پر بھی روشنی ڈالی۔سیمینار میں نوجوان تاجروں نے شرکت کی۔











