لسبیلہ،29 جنوری (اے پی پی):بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے بعد کوچ میں آگ لگ گئی، امدادی کارروائیوں کے دوران ابتدائی طور پر 12 افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کی گئیں۔
اس موقع پر پولیس کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہو گئی ۔
اسسٹنٹ کمشنر بیلہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، اب تک 40 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 4 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اے سی بیلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔











