اوکاڑہ: درخت لگانے کی مہم ہمارے سنہرے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد اقبال

9

اوکاڑہ،06مارچ (اےپی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد اقبال نے کہا ہے کہ درخت اس زمین کی خوبصورتی اور زندگی کو برقرار رکھنے کے لئے مسلمہ حیثیت رکھتے ہیں درخت لگانے کی آج کی کاوشیں آنے والے دنوں میں ثمر آور ہونگی ہمیں جنگلات کی کمی کا سامنا ہے اور درختوں کی کمی کی وجہ سے موسموں کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا میں ایکو سسٹم میں تبدیلی ہم سب کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ہمیں آنے والے دنوں میں آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لئے بھر پور شجر کاری کرنا ہو گی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شخص درخت لگانے کی قومی مہم میں اپنا کردار ادا کرے اپنے حصے کا درخت لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے درخت لگانے کی مہم ہمارے سنہرے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے آنے والے کل کے لئے آج درخت لگانا ضروری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں موسم بہار شجر کاری مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر طارق محمود اور ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ نے بتا یا کہ ضلع میں موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران 10 لاکھ 83 ہزارپودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ پودے لگانے کا ٹارگٹ 50 فیصد سے زائد مکمل کر لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو سرکاری پالیسی کے مطابق پودے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد اقبال اور ضلعی افسران نے موسم بہار شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے اور مہم کی کامیابی و ملکی سلاتی کے لئے دعا بھی کی۔