دنیا کے دوست 9 ممالک کے مڈ کیرئیر فارن ڈپلومیٹس کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا دورہ، باہمی تجارت کے فروغ کے لیے مکمل حمایت و تعاون کی یقین دہانی

15

سیالکوٹ,6مارچ  (اے پی پی):دنیا کے دوست 9 ممالک کے مڈ کیرئیر فارن ڈپلومیٹس نے سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز کو ان کی باہمی تجارت کے فروغ اور ان ممالک تک سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات کی براہ راست آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی آج یہاں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) میں منعقدہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کے ایک اہم اجلاس  کے موقع پر  کرائی۔ اجلاس میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کے سینئر نائب صدر وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ سمیت  پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے سینئر حکام اور ایس سی سی آئی کے حکام نے بھی شرکت کی۔غیر ملکی سفارت کاروں نے سیالکوٹ کی برآمدی مصنوعات کو ان کے ممالک تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی، اس کے علاوہ عالمی سطح پر سیالکوٹ پاکستان کے مثبت اور نرم کاروباری امیج کو فروغ دینے کا وعدہ کیا۔غیر ملکی سفارت کاروں نے ایس سی سی آئی کی دستاویزی فلم ’’سیالکوٹ ترقی یافتہ لوگوں کا شہر‘‘ میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی)کے صدر عبدالغفور ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں 9 دوست ممالک کے مڈ کیرئیر فارن ڈپلومیٹس کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایس سی سی آئی) میں خوش آمدید کہا۔ انہوں  نے دورے پر آئے ہوئے غیر ملکی سفارت کاروں کو سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی طرف سے اپنی مدد آپ کی بنیاد پر سیالکوٹ کی سماجی، اقتصادی اور انسانی ترقی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی کامیابیوں، مستقبل کے اہداف بارے  بتایا۔انہوں  نے امید ظاہر کی کہ یہ غیر ملکی سفارت کار سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کو اقتصادی اور تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھول کر مذکورہ ممالک کے درمیان تجارت کو وسعت دینے میں مدد کریں گے۔ صدر چیمبر کا مزید  کہنا تھا  کہ بلاشبہ ملک سے ملک روابط کے فروغ کا دارومدار کاروباری رابطوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی، تعامل اور افہام و تفہیم پر ہے جس میں سفارتی چینلز باہمی تعاون کے ذریعے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن سروسز اکیڈمی نے سفارت کاروں کی اس ملاقات کا اہتمام ایس سی سی آئی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے کیا ہے جس کے نتیجے میں یقیناً تمام 9 ممالک اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھل کر تجارت میں توسیع ہوگی۔ انہوں  نے کہا کہ ایک صدی پر محیط تاریخ سے جراحی کے آلات کی تیاری میں ہنرمند دستکاری کی وراثت نے ہمیں اعلیٰ معیار کے سرجیکل آلات تیار کرنے کے قابل بنایا ہے جو دنیا کے 140 سے زائد ممالک کو برآمد کیے جاتے ہیں اور طبی ماہرین، سرجنز، بیوٹیشنز اور ڈینٹسٹ   مکمل اعتماد سے استعمال کرتے ہیں،  چمڑے کی مصنوعات اور ٹیکسٹائل کھیلوں کے لباس میں، سیالکوٹ کو معیار اور انداز میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں  بھی مسابقتی برتری حاصل ہے،مجھے مہمانوں کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کاروباری بہتری کے حصول کے ساتھ ساتھ ہم نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ، سیالکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، سیالکوٹ ایکسپورٹ پروسیسنگ سمیت منصوبوں کے ذریعے سماجی شعبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں بھی غیر معمولی کام کیا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ  سیالکوٹ میڈیکل سٹی کا منصوبہ صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے بھی منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد عرفان شوکت نے قیمتی زرمبادلہ کما کر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کے کلیدی کردار کو سراہا۔اس سے قبل 9 دوست ممالک کے مڈ کیرئیر فارن ڈپلومیٹس مسٹر ایوان کوٹوف (بلغاریہ)، ڈاکٹر کالیب اونگوما (کینیا)، محترمہ کرسٹین نزومبو (کینیا)، محترمہ امین ناتھ رضیہ (مالدیپ)، مسٹر، جما حسن سلاد ( صومالیہ)، مسٹر مشودبیلے چاریز مامابولو (جنوبی افریقہ)، مسٹر ایہاب عبدالرازگ عبداللہ محمد (سوڈان)، مسٹر میرزوعلیف نورینچ (تاجکستان)، مسٹر میرتردی عبدلائیف (ترکمانستان)، مسٹر عزیز بیک میزاموف (ازبکستان) اور مسٹر اویبک۔ عبدالخاکوف (ازبکستان) نے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان سیالکوٹ میں کئی اہم صنعتی یونٹس کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے سیالکوٹ کے کاریگروں کی بین الاقوامی معیاری کاریگری کا  بھی مشاہدہ کیا۔