رحیم یار خان،25 مارچ(اے پی پی):سیکرٹری ماحولیات پنجاب ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کے ہمراہ تحصیل رحیم یار خان اور صادق آباد کے مفت آٹا تقسیم پوائنٹس کا دورہ کیا۔ پوائنٹس پر لوگوں کو دستیاب سہولیات و انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مفت آٹا کے حصول کے لئے آئے شہریوں سے گفتگو بھی کی ۔
سیکرٹری ماحولیات پنجاب ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ حکومت پنجاب کیجانب سے رمضان المبارک میں مستحق گھرانوں کے لئے مفت آٹا کی فراہمی ایک بڑا ریلیف پیکج ہے، آٹا حصول کے لئے آنے والے شہریوں کی عزت و نفس کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان کی جانب سے آٹا تقسیم کا میکنزم قابل ستائش ہے، انتظامیہ کے بہتر انتظامات کے باعث لوگوں کو انتظار و قطار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑ رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے اس موقع پر بتایا کہ ضلع میں 25مفت آٹا تقسیم ٹرکنگ پوائنٹس اور200سے زائد دکانوں سے آٹا کی فراہمی کا عمل جاری ہے، 4لاکھ22ہزارسے زائد شہریوں کو 10کلوگرام آٹا کے بیگ فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ ضلع میں موجود92یوٹیلٹی سٹورز نے بھی مفت آٹا کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں مجموعی طور پر325سے زائد پوائنتس سے مفت آٹا کی تقسیم جاری ہے۔











