قومی سلامتی کا ماحول  تربیت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کا متقاضی ہے ، ائیر چیف مارشل

3

اسلام آباد،22مارچ  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ  تیزی سے تغیر پذیر اور غیر مستحکم قومی سلامتی کا ماحول ایسی تربیت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کا متقاضی ہے جو اس ٹیکنالوجی سے بھرپور ماحول کا مقابلہ کر سکے۔

وہ پاکستان ایئر فورس کالج، سرگودھا میں سالانہ فاؤنڈرز ڈے 2023ء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ 1953ء سے قائم شدہ پی اے ایف کالج سرگودھا ایک قابلِ فخر تاریخ اور اعلیٰ میراث کاحامل ہے، یہ کالج  بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کی نرسری رہی ہے جو کہ دیانتداری، خلوص اور خدمت جیسی اعلیٰ اقدار کے ساتھ ساتھ خود سے بڑھ کر فرض سے لگن کے جذبے سے سرشار تھے، اس درسگاہ کو پاک فضائیہ کے عالمی شہرت یافتہ فضائی جنگجو پیدا کرنے کا اعزاز  بھی حاصل ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے طلبا  کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کندھوں پر ڈالی گئی عظیم ذمہ داری کا پاس رکھیں اور انہیں اس شاندار پیشے پر فخر ہونا چاہیے جس میں وہ شامل ہونے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں  نے  کہا کہ تیزی سے تغیر پذیر اور غیر مستحکم قومی سلامتی کا ماحول ایسی تربیت یافتہ تکنیکی افرادی قوت کا متقاضی ہے جو اس ٹیکنالوجی سے بھرپور ماحول کا مقابلہ کر سکے، اس مقصد کے حصول کے لیے پہلے ہی کالج کے تربیتی نظام کو ازسرنو ترتیب دیا جا چکا ہے۔

 انہوں نے بچوں کی کامیابی پر ان کے  والدین کو بھی مبارکباد دی اور بہترین کارکردگی پر اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔مہمان خصوصی نے جیتنے والے ہاؤسز میں انعامات تقسیم کئے،کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی پر چگ ویل شیلڈ اقبال ہاؤس نے اپنے نام کی،ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی پر جنرل سروس ٹریننگ کپ عالم ہاؤس نے جیتا جبکہ چیف آف دی ایئر اسٹاف اکیڈمکس  ٹرافی منیر ہاؤس نے جیتی۔ اقبال ہاؤس نے مجموعی طور پر چیمپئن ہاؤس آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا اور قائداعظم شیلڈ جیت لی۔

قبل ازیں ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) آصف مقصود، پرنسپل پی اے ایف کالج، سرگودھا نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر حاضر سروس اور ریٹائرڈ دفاعی اہلکاروں سمیت ریٹائرڈ اساتذہ، سینئر بیوروکریٹس اور پری کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔