ملتان09، مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے شہر کی صفائی کی بہتری کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرلی ہے اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو کارکردگی بہتر کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا ہے ۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے اچانک ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آفس کی چیکنگ کی اور کمپنی سٹاف کی حاضری چیک کی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کمپنی منیجرز اور فیلڈ سٹاف کی غیر حاضری اور ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے موقع پر کمپنی سیکرٹری ،منیجرز ایچ آر،منیجت پروکیورمنٹ،منیجر آپریشن،منیجر فنانس سمیت تمام منیجرز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا جبکہ عمر جہانگیر نے دورے کے دوران غلط بیانی پر دو کمپنی اہلکار بھی معطل کر دیے۔
ڈپٹی کمشنر نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے دفتر کی مختلف برانچز کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ کاغذی کارروائیوں کے بجائے صفائی کے عملی اقدامات کا وقت آگیا ہے۔عوام کی سہولت کیلئے “صفائی نصف ایمان ہے ” مہم کو کامیاب بنانے کیلئے کمپنی افسران فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی افسران نے کارکردگی بہتر نہ کی تو سخت احتساب کیلئے تیار رہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کمپنی افسران اور عملہ صفائی کی روزانہ خود حاضری چیک کرونگا۔شہریوں اور تاجر برادری کو صفائی مہم میں شامل کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور کوڑے کے ڈھیروں اور ڈمپنگ پوائنٹس کو کلئیر کرنے کا بھی پلان بنایا جائے۔کمپنی افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن اور عملہ صفائی کی شہر میں موجودگی نظر آنی چائیے۔











